دیوان زادہ، شیخ ظہور الدین حاتم المعروف شاہ حاتمؔ کا مجموعۂ کلام ہے۔ شاہ حاتم کے کلام کا مطالعہ اس لحاظ سے اہم ہے کہ بارہویں صدی ہجری میں مسلمانوں کی زوال آمادہ سلطنت، اور چراغِ سحری کی مانند ٹمٹماتی ہوئی اُن کی تہذیب اور مجلسی آداب و اخلاق کے مختلف مظاہر اس میں جھلکتے نظر آتے ہیں۔ شاہ حاتم نے 1144ھ کے قریب اپنا دیوان مرتب کیا۔ کئی سال تک دیوانِ قدیم میں اضافے ہوتے رہے اور اس کی ضخامت بڑھتی گئی۔ یہ زمانہ ایہام گوئی کے قبولِ عام کا تھا۔ حاتم بھی اسی روش پر گامزن رہے۔ اس زمانے کی شعری لسانیات میں ہریانی، برج اور کھڑی بولیوں کے اثرات خاصے نمایاں تھے۔
محمد شاہی کے آخر میں اصلاحِ زبان کی تحریک چلی، شاہ حاتم نے نئے رجحانات کو لبیک کہا۔ جب شاہ حاتم کا دیوان قدیم و جدید رجحانات کا ملغوبہ بن گیا تو اُنھوں نے اس کی ترتیب کرنا شروع کی، جس میں بہت سی زبان و بیان اور رجحانات کی تبدیلیاں کی اور نو مرتبہ مجموعۂ کلام کا نام ’’دیوان زادہ‘‘ رکھا۔ اس دیوان میں اوزان و بحور، غزل کی سرخی میں سنہِ تخلیق اور قسم طرحی، فرمائشی، جوابی) کا اندراج کر کے قابلِ داد جدتِ طبع کا ثبوت دیا۔ اس دیوان زادہ کی تدوین 1169ء میں مکمل ہوئی تھی۔ یہ زمانہ حاتم کی شعری تخلیقات کے عروج کا زمانہ تھا۔ لہٰذا ترتیب نو کے ساتھ ہی اس میں اضافے کرنے پڑے۔ قدیم اور جدید کلام کو ملا کر کلیاتِ حاتم کی تدوین و تحریر کا کام بھی جاری رہا۔ دیوان زادہ میں شعری و لسانی ترمیمات اور اضافے بھی ہوتے رہے۔ 1195ء کا مخطوطہ دیوان زادہ شاہ حاتم کے شاگرد مکند سنگھ فارغ بریلوی کا کتابت کیا ہوا ہے اور اس میں 1197ء تک کا کلام حواشی میں درج ہے اور یہی حاتم کی وفات کا سنہ ہے۔ یعنی دیوان زادہ کا یہ مکمل ترین نسخہ ہے جس میں دیوان زادہ کی ترتیب اوّل (1169ء) سے لے کر شاعر کی وفات تک سارا کلام مل جاتا ہے۔ چونکہ یہ نسخہ حاتم کی اپنی زندگی میں لکھا گیا اور اُن کے ایک شاگرد نے لکھا، اس لیے اغلب ہے کہ یہ مخطوطہ اُن کی نظر سے بھی گزرا ہوگا۔ مجلس ترقی ادب لاہور کے شائع کردہ دیوان ’’دیوان زادہ‘‘ کو ڈاکٹر غلام حسین ذوالفقار نے مرتب کیا ہے۔ دیوان کے آخر میں تعلیقات، اشاریہ، فرہنگ اور مصادر بھی دیئے گئے ہیں جن سے اس دیوان کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔