مجلس ترقی ادب کے زیرِ اہتمام شائع ہونے والی اس کتاب میں بیس سے زائد مضامین شامل ہیں۔ اس کے مرتب ڈاکٹر رفاقت علی شاہد ہیں۔ سال 2010ء میں راشد کی پیدائش کے صد سالہ موقع پر ادبی رسائل و جرائد میں راشد کے فکر و فن پر قابلِ قدر مواد شائع ہوا جس میں راشد شناسی کے نئے نئے زاویے دریافت کیے گئے۔ مرورِ زمانہ کے ساتھ رسائل و جرائد زمانے کی گرد میں چھپ جاتے ہیں۔ اس لیے ان رسائل کے مضامین کو آیندہ کے لیے محفوظ کرنے کی یہ ایک مفید کاوش ہے۔ محققین کے لیے ایسی کتب کی افادیت مسلم ہے۔ جملہ مضامین میں سے راشد پر لکھے گئے جو مضامین شاملِ کتاب ہیں۔ ان کو مختلف حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔
ان میں راشد کے فکر و فن، تخلیقات، نظموں کے تجزیے، تقابلی مطالعے، متعلقات اور نوادر کے گوشے شامل ہیں۔ یہ تمام مضامین راشد شناسی کا معتبر ذریعہ ہیں۔ کتاب کا پہلا حصہ ’’آئینہ گزرگاہِ خیال‘‘ فکر و فن پر ممتاز محقق و ثقہ نقاد شمس الرحمان فاروقی کے مضمون سے آغاز ہوتا ہے۔ اس حصے میں شمیم حنفی، قاضی افضال حسین، فتح محمد ملک، ضیاء محی الدین (صدا کار و اداکار) اور دیگر ناقدین کے مضامین شامل ہیں۔ دوسرا حصہ ’’حرف و معانی کی جستجو‘‘ تخلیقاتِ راشد کے مجموعی جائزے پر مشتمل ہے۔ اس میں عزیز ابن الحسن، میرا جی، جیلانی کامران و دیگر کے مضامین شامل ہیں۔
حصہ سوم ’’حلقہ در حلقہ‘‘ راشد کے متعلقاتِ ایران اور وہاں ان کے قیام کے بارے میں معلومات بہم پہنچاتا ہے۔ اس حصے میں مظفر علی سیّد کا مضمون موضوع کے حوالے سے سرفہرست ہے۔ علاوہ ازیں ایران میں قیام کے دوران جدید ایرانی شاعر منوچہر آتشی کے ان سے مصاحبے کا ترجمہ بھی شامل کتاب ہے۔ کتاب کا آخری حصہ نوادرات راشد پر مشتمل ہے۔ اس حصے میں سب سے اہم مضمون خود راشد کا ہے۔ جس میں راشد نے معاصر شعرا کے رویوں اور نظریات پر کھل کر اظہار کیا ہے۔ اس حصے میں راشد کے کچھ خطوط کا عکس بھی شامل ہے۔